لندن (جیوڈیسک) لارڈز ٹیسٹ میں کیویز نے انگلینڈ کو کرارا جواب دیتے ہوئے 2 وکٹ پر 303رنز جوڑلیے، کین ولیمسن 92 اور روس ٹیلر47رنز کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں، دونوں کے درمیان اب تک تیسری وکٹ کیلیے 155رنز کی شراکت بن چکی، انگلینڈ کی برتری اب محض 86رنز باقی رہ گئی، اس سے قبل میزبان ٹیم کی پہلی اننگز 389 رنز پر تمام ہوگئی۔
معین علی 58رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہنری نے 4،4 وکٹیں آپس میں بانٹ لیں۔تفصیلات کے مطابق لارڈز ٹیسٹ میںنیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو کرارا جواب دیتے ہوئے 2 وکٹ پر 303رنز اسکور بورڈ پرسجادیے، وکٹ پرموجود کین ولیمسن(92) اور روس ٹیلر(47) کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے155 رنز کی شراکت نے انگلش بولرز کے حوصلے پست کر دیے۔
کیوی اوپنر مارٹن گپٹل 115 گیندوں پر 70رنز بنانے کے بعد براڈ کی گیند پر بیلنس کا کیچ بنے، ٹام لیتھم 59 کو معین علی نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
اس سے قبل انگلش ٹیم نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کو 354-7 سے جاری کیا اور اس کے تین اختتامی پلیئرز مجموعے 35رنز کا اضافہ ممکن بناسکے، معین علی 58رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، براڈ3 اور جیمز اینڈرسن نے میدان بدر ہونے سے قبل 11رنز اپنے نام درج کرائے، مارک ووڈ8 پر ناٹ آئوٹ رہے، ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہنری نے 4،4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔