لندن (جیوڈیسک) پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ کے لیے 12 رکنی اسکواڈ کااعلان کردیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے میزبان ٹیم کو دباؤ کا شکار کریں گے، محمد عامر پیس اور سوئنگ کے امتزاج سے بیٹسمینوں کیلیے مسائل پیدا کرسکتے ہیں،آل راؤنڈر فہیم اشرف نے اضافی پیسر کھلانے کا مسئلہ حل کردیا ہے جب کہ شاداب خان کا ٹرن اور کنٹرول کار آمد ہتھیار ثابت ہوگا۔
مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ امام الحق نے دباؤ میں اچھی اننگز کھیل کر اپنی اہلیت ثابت کردی، بابر اعظم بھی ٹیسٹ فارم میں بحالی کی جانب گامزن ہیں، اظہر علی اور اسد شفیق بڑے میچز کے کھلاڑی ہیں، دونوں متعدد بار اپنی صلاحیتیں ثابت کرچکے ہیں وہ جدید کرکٹ کے حربے سیکھ رہے ہیں، میزبانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔