ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کی ڈمپل کوئین دپیکا پڈوکون کا کہنا ہے کہ اگر وہ محبت میں گرفتار ہوئیں تو انڈسٹری کو خیرباد کہہ کر شادی کر لیں گی۔
فلم انڈسٹری میں پیار محبت کی داستانیں آئے روزبنتی بگڑتی نظر آتی ہیں لیکن اپنے کیرئیر کے عروج پر شاید ہی کوئی اداکار یا اداکارہ محبت کے لیے قربانی دینے کو تیار ہوتا ہے لیکن بالی ووڈ کی صف اول کی اداکارہ دپیکا پڈوکون محبت کی خاطر اپنا کیرئیر چھوڑنے پرآمادہ ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ اگر انہیں محبت ہوئی تو وہ اداکاری چھوڑ کر شادی کر لیں گی کیونکہ ان کی زندگی میں خاندان زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں کامیابیاں کوئی معنی نہیں رکھتی ہیں کیونکہ خاندان سے بڑھ کر ایسا کچھ نہیں ہوتا جومکمل ہونے کا احساس دلائے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن اور اداکارہ دپیکا پڈکون کی گزشتہ دنوں ریلیز ہونے والی فلم’’پیکو‘‘ باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑتے ہوئے 100 کروڑ کلب میں شامل ہوئی ہے۔