کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میں سنیما کی بحالی کے ساتھ ہی ایک کے بعد ایک اور نئی سے نئی فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں۔ اب ان نئی فلموں میں ایک اور نام کا اضافہ ہونے والا ہے۔ یہ فلم ہے ’بالو ماہی‘۔
پاکستانی فلموں کے شائقین کے لئے یقیناً یہ اچھی خبر ہے کہ نئے سال کے آغاز پر ہی وہ نئے چہروں سے سجی رومینٹک فلم ’بالو ماہی‘سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ ’بالو ماہی‘ کے چرچے ریلیز سے پہلے ہی عام ہو رہے ہیں، جس کی ایک وجہ ٹی وی کے مشہور اداکار عثمان خالد بٹ اور اینی جعفری کا پہلی بار جوڑی کی شکل میں سلور اسکرین پر پیش ہونا بھی ہے۔
بالو ماہی آئندہ سال ویلنٹائن ڈے سے پہلے آنے والے ویک اینڈ پر، یعنی 10 فروری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ ٹی وی کو متعدد ہٹ سیریلز دینے والے ہشام حسین کی بطور ڈائریکٹر بالو ماہی پہلی فلم ہے۔
فلم کی میڈیا ٹیم نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ ’بالو ماہی‘ رومینٹک ٹریول فلم ہے جس میں لاہور اور پاکستان کے شمالی علاقوں کو بھرپور اورخوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ماڈل صدف کنول بھی فلم میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
فلم رومنس اور کامیڈی لئے ہوئے ہے۔ فلم کا میوزک دیا ہے ساحر علی بگا نے۔ پروڈیوسر سعدیہ جبار اور اشرف چوہدری ہیں، جبکہ ایگزیکٹو پروڈیوسر میاں یوسف صلاح الدین ہیں۔