لاہور (جیوڈیسک) چاہت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیاروں کے لیے خریدے جانے والے تحائف اور سرخ گلاب مہنگے ہوگئے ، مگر مہنگے گلاب بھی محبت کے جذبے کو ماند نہ کرسکے۔
ویلنٹائن ڈے کے موقع پر چاہت کا اظہار تحفے تحائف اور سرخ گلاب کے ذریعے کرنے کی روایت برقرار ہے ، لوگ اپنے عزیزوں کو پیار بھرے پیغامات دینے کے ساتھ ساتھ خوبصورت تحائف بھی دیتے نظر آ رہے ہیں۔ دن کی مناسبت سے پھولوں اور تحائف کی قیمت بھی معمول سے تین سو گنا زیادہ رہی۔
عام گلاب تیس روپے سے لے کر اسی روپے تک جب کہ امپورٹڈ گلاب دو سو روپے تک جا پہنچا ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اپنے پیارے رشتوں کو صرف ایک دن کے لیے منسوب نہیں کیا جا سکتا ، کیونکہ چاہت اور پیار کے جذبے کا ایک دن پر انحصار نہیں یہ جذبہ ہمہ وقت موجود رہتا ہے۔