محبت کے نام پر بے حیائی کیوں

Happy Valentine's Day

Happy Valentine’s Day

تحریر : عقیل خان
14 فروری کو ویلنٹائن ڈے منانا جائز یا ناجائز ہے۔ اس بحث میں پڑنا اپنا ٹائم ضائع کرنے کے مترادف ہے کیونکہ آجکل ہر بندہ اپنے آپ کو دانشور اور دوسرے کو جاہل سمجھتا ہے۔ ہر سوال کا جوا ب اس کے پاس ہوتا ہے، جیسے عدالت میں جھوٹ کو سچ اور سچ کو جھوٹ ثابت کر کے لوگ اپنا لوہا منواتے ہیں اسی طرح کچھ لوگ ویلنٹائن ڈے پر اس تہوار کو منا کر اپنا لوہا منواتے ہیں۔ اگر کوئی شخص، یا تجزیہ نگار اس کو اسلام کے نقطہ نظر سے بتانا شروع کر دے تو بہت سے لوگ اس پر فوراًفتوے جاری کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ یہ ہی نہیں بلکہ بڑے فخریہ انداز میں کہتے ہیں کہ پہلے ہم کونسا سارا کام اسلام کے مطابق کرتے ہیں۔ بہت سے لوگ تو ایک دوسرے کو رشوت اور سود کھانے کا طعنہ دینا شروع کر دیتے ہیں یعنی ان کے پاس نصیحت کرنے والے منہ بند کرنے کے لیے لاکھوں الفاظ کا مجموعہ ہوتا ہے۔

میں ایسے لوگوں سے ایک بات ضرور کہوں گا کہ بے شک ہم اسلام کے مطابق زندگی نہیں بسرکررہے مگر ہمیں کفار کے طرززندگی کو تو نہیں اپنا نا چاہیے۔اس دن کو منانے سے پہلے اس کے متعلق آگاہی تو حاصل کرلے کہ یہ دن کیوں یا کس کی یاد میں منایا جاتا ہے ؟یا اس دن کا بیک گراؤنڈ (back ground) کیا ہے؟ اس تہوار کی حقیقت کیا ہے؟ ایک مسلمان ہونے کے ناطے اس کا منانا جائز ہے یا ناجائز اور اس کا شرعی حکم کیا ہے؟ کبھی مسلمانوں نے سوچا ہے کہ ہم کن کے نقش قدم پر چل نکلے ہیں؟ اس کاتاریخی پس منظر کچھ یوں بیان کیا جاتا ہے کہ ایک پادری تیسری صدی عیسوی کے آخر میں رومانی بادشاہ کے زیر حکومت رہتا تھا۔ کسی نافرمانی کی وجہ سے بادشاہ نے پادری کو جیل میں بند کر دیا۔

The Story Of Valentine’s Day

The Story Of Valentine’s Day

جیل میں جیل کے چوکیدار کی لڑکی سے اس کی علیک سلیک ہوگئی اور وہ اس کا عاشق بن بیٹھا یہاں تک کہ اس لڑکی نے نصرانیت قبول کرلی۔ وہ لڑکی ایک سرخ گلاب کا پھول لے کر اس کے پاس آتی تھی۔ جب بادشاہ کو اس معاملے کا علم ہوا تو اس نے پادری کو پھانسی کا حکم دے دیا۔

پادری کو جب یہ پتا چلا تو اس نے سوچا کہ آخری لمحات اپنی معشوقہ کے ساتھ گزارے۔ چنانچہ اس نے اس کے پاس ایک کارڈ بھیجا جس پر لکھا تھا ”مخلص ویلنٹائن کی طرف سے” پھر اس پادری کو 14 فروری کے دن پھانسی دے دی گئی۔

بس اس دن کے بعد سے یورپ میں ہر سال اس تاریخ کو لڑکوں کی طرف سے لڑکیوں کو کارڈبھیجنے کا رواج چل نکلا۔ آج پوری دنیا میں اس دن کو نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بڑے زور و شور سے مناتے ہیں۔اس موقع پر کارڈ اور خاص طور سرخ گلاب کے پھول پیش کیے جاتے ہیں اور مختلف رنگین محفلیں سجائی جاتی ہیں۔

افسوس کہ مسلمان معاشرہ بھی اس سے بے ہودہ حرکات سے محفوظ نہ رہ سکا حالانکہ یہ ایک خالص غیر مسلم عقیدہ ہے جس میں ایک کافر نصرانی شخصیت کی یادگار منائی جاتی ہے۔اسلام میں ویلنٹائن ڈے منانا، سرخ گلاب کا پھول یا کوئی اس نوعیت سے تحفہ تحائف دینا قطعاً جائز نہیں کیونکہ مسلمانوں کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ اس طرح کے بدعتی تہواروں کو منانا جائز نہیں ہے کیونکہ یہ بدعت ہے اور شریعت میں اسکی کوئی اجازت نہیں۔

Valentine's Day

Valentine’s Day

درحقیقت اسلامی معاشرے میں غیر مسلموں کے تہواروں کو جان بوجھ کر ہوا دی جارہی ہے تاکہ مسلمان اسلام سے دور ہو جائیں۔ یہ سب کچھ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ہو رہا ہے۔ اس کی تشہیر میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس دن خصوصی پروگرام دکھا کر یہ باور کرانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ جیسے یہ مسلمانوں ہی کا کوئی تہوار ہے۔لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔یہ تہوار اور یہ پروگرام انسان کی ناجائز نفسانی خواہشات کو پروان چڑھاتے ہیں۔ اس دن بنت حوا کی عزت سربازار نیلام ہوتی ہے۔بہت سے ہوس کے پجاری اس دن خوشیوں کے شادیانے بجاتے ہیں۔

اس حقیقت کے بعد ساری بات عیاں ہے کہ ایک اسلامی معاشرے میں اس طرح کے تہواروں کو پروان چڑھانا اسلامی معاشرے میں تباہی و بربادی پھیلانے کے علاوہ کچھ بھی نہیں۔ ہمیں اس بارے میں بہت گہرائی سے سوچنے کی ضرورت ہے کہ کہیں ہمیں اپنی اسلامی اقدار سے دور تو نہیں کیا جارہا!ہمیں سوچنا چاہیے کہ کیا غیر مسلم عید کا تہوار مناتے ہیں۔

عیدالفطر اور عید قرباں مناتے ہیں؟اس کا جواب یقینا نہیں میں ہو گا۔ اسی طرح ہمیں بھی چاہیے کہ ہم صرف اسلامی اقدار کو اپنائیں اور غیر اسلامی تہواروں کو بالکل رد کردیں۔آخر ہم مسلمان کیوں نہیں سوچتے کہ ہمارے ان فضول کاموں سے ہمارے مذہب کی کتنی بدنامی ہوتی ہے۔ غیر مسلم مسلمانوں کے متعلق کیسی سوچ رکھتے ہونگے۔ ہمیں چاہیے کہ ناصرف خود بلکہ دوسروں لوگوں کو بھی اس غیر مسلم حرکت سے روکیں۔

Aqeel Khan

Aqeel Khan

تحریر : عقیل خان
aqeelkhancolumnist@gmail.com