محبت رسول ہماری جان اور دین کی اصل روح ہے، مولانا کوکب نورانی

پیرمحل (میاں اسد حفیظ سے) محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہماری جان اور دین کی اصل روح ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت دنیا و آخرت میں کامیابی و کامرانی کی ضامن ہے۔ بزرگان دین نے ہر دور میں ظالم و جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق کو بلند کیا اور دین کے علم کو ہمیشہ سربلند رکھا۔

ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین مولانا کوکب نورانی نے محفل میلاد مصطفےٰ میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سرمایۂ حیات ، روحِ عبادات او زینت کائنات ہے ۔ محبت مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تقاضا ہے کہ تعلیمات مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کیا جائے۔حدود شریعت میں رہ کر محبت کا اظہار کرنا باعث اجر و ثواب اور ذریعہ نجات ہے ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسان و مسلمان کو محبت اور اُنس کا پیکر بنایا ہے۔آج دنیا میں عروج اور آخرت میں بلندیٔ درجات کے لئے فروغ عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مشن پر گامزن ہو کر محبت کے چراغ روشن کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ والدین خرافات اور نت نئے فتنوں سے بچانے کیلئے اپنی اولاد کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے کہاکہ اسلام کا نام لے کر لوگوں کا خون بہانے والے ،خو د کش حملوں سے بے قصور عوام کو موت کی وادی میں پہنچا نے والے اور ملک و ملت کو عدم استحکام سے دو چار کرنے والے ملک و ملت کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کرے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن اور اسلام کے غدار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے تحفظ و استحکام ،دشمنان وطن کے خاتمے، نفاذِ نظام مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و قیام امن کے لئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں۔

Maulana Kokab Noorani

Maulana Kokab Noorani

Maulana Kokab Noorani

Maulana Kokab Noorani

Maulana Kokab Noorani