لاہور (جیوڈیسک) ادیب اور شاعر معاشرہ کے اہم ترین اور قابل ترین افراد ہیں۔ امن و امان کے فروغ اور سماجی ترقی کے لیے ادیبوں اور شاعروں کی تحریروں سے روشنی حاصل کرنی چاہیے۔
اہل قلم ہمیشہ سے حق و صداقت اور حرمت و وقار کے لیے کوشاں رہے ہیں۔ پاکستان کے اہل قلم کو محبت اور یگانگت کی فضاء کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو سے ملاقات کے دوران کیا۔
گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اکادمی ادبیات پاکستان کے اشاعتی منصوبوں، ادبی تقریبات اور دیگر خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ اکادمی ادبیات پاکستان کو حکومتی سطح پر مکمل حوصلہ افزائی اور تعاون حاصل ہوگا۔ ڈاکٹر محمد قاسم بگھیونے گورنر ہائوس کی لائبریری کے لیے اکادمی کی تازہ مطبوعات کا تحفہ پیش کیا۔