کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے برساتی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہیں برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا یا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی مسائل کا جائزہ اور بلدیاتی اداروں کی جانب سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران بھی موجود تھے ۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دوران برسات عوامی سہولیات کی فراہمی اور بلدیا تی مسائل کے بروقت ازالے کے حوالے سے ہنگامی اقدامات کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے علاقائی سطح پر جاری برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنا نے کے ساتھ نالے کی صفائی کے بعد برآمد ہونے والے مٹی و ملبے کے ڈھیروں کو اُٹھا کر بروقت ٹھکانے لگا یا جائے۔
بعد ازاں حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں دورے کرکے صفائی وستھرائی اور علاقائی سطح پر درپیش عوامی مسائل کا جائزہ لیا اور عوام سے شکایات سننے کے بعد موقع پر افسران کو عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کی اس موقع پر عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ حق پرست قیادت شہر کی ترقی اور عوامی خوشحالی پر یقین رکھتی ہے قائد تحریک محترم الطاف حسین کی ہدایت پر حق پرست نمائندے و کارکنان شب روز عوامی خدمت میں مصروف ہیں اور انشا اللہ عوام اور اداروں کے باہمی تعاون کے ذریعے مسائل کو حل کیا جائے گا انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ علاقائی ترقی اور صحت مند ماحول کے قیام کے لئے بلدیاتی اداروں سے تعاون کریں۔