پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) سی ٹی ڈی ملاکنڈ ریجن نے اہم کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد کرکے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
پولیس نے ملاکنڈ ڈویژن میں تخریب کاری کی بڑی کارروائی کیلے بارودی مواد لانے والے مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ محکمہ انسداد دہشت گردی ملاکنڈ ریجن کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ دو گاڑیوں کے ذریعے بھاری مقدار میں بارودی مواد تخریب کاری کے لیے منڈہ دیر لوئر سے ضلع باجوڑ منتقل کیا جا رہا ہے۔
سی ٹی ڈی ملاکنڈ ریجن اور دیگر فورسز نے دیر لوئر میں تھانہ منڈہ کی حدود میں علاقہ میاں کلے چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کرکے منڈہ سے آنے والی ڈاٹسن گاڑی اور فیلڈر موٹر کار کو روکا تو اس میں سے 350 کلوگرام وزنی ڈائنامائیٹ بارود کے 14 کارٹن اور پلاسٹک بوری میں بند 25 کلو وزنی بارود برآمد ہوا، جو گھاس پھوس میں چھپایا گیا تھا۔
پولیس نے ڈاٹسن میں سوار 2 افراد شیر نواب اور تاجبر کو گرفتار کرلیا۔ اسی طرح فیلڈر کار میں سے بھی 2250 میٹر لمبی پرائما تار کے 9 بنڈل، ایک بنڈل سیفٹی فیوز، 100 ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے۔ پولیس نے اس کار میں موجود 2 افراد بختیار اور شیر محمد کو حراست میں لے لیا۔ چاروں ملزمان کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام منتقل کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے اور ان سے مزید اہم انکشافات کی توقع ہے۔