لوئر دیر میں مذہبی وسیکولر جماعتوں نے خواتین سے ووٹ کا حق چھین لیا

Lower Dir

Lower Dir

پشاور(جیوڈیسیک) پشاور خیبرپختونخواسمبلی کے حلقہ پی کے 95 لوئر دیر میں سیاسی جماعتوں کے مابین خواتین کے ووٹ ڈالنے پرپابندی کے معاہدے کی نقل جیو نیوزکو موصول ہوگئی ہے۔پی کے 95 میں ایک بھی خاتون نے ووٹ نہیں ڈالا۔انتخابات سے پہلے جیو نیوز پر خبر نشر ہونے پر پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور اے این پی نے معاہدے کی تردید کی تھی۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے 94 لوئر دیر کے جہاں خواتین نے پہلی بار اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے تاریخ کے صفحات پر نیا باب رقم کیا۔

لوئر دیر کے اس حلقے میں تو اک نئی صبح کا سورج طلوع ہوگیا،لیکن پی کے 95 پر اندھیرے نے روشنی کی کرن کو سانس نہ لینے دیا،اس حلقے میں تمام بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ ن ، پاکستان تحریک انصاف ، عوامی نیشنل پارٹی ، جماعت اسلامی ،جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان پیپلز پارٹی نے کاغذ کے ایک ٹکڑے پر آپس میں گٹھ جوڑ کرلیا،خواتین کو اس حق سے محروم کردیا جس کا وعدہ ریاست نے کیا ہے۔

تحریری معاہدے کی نقل میں ان تمام جماعتوں کے رہنماوں کے دستخط موجود ہیں، جنہوں نے خلاف ورزی کرنے والے پر 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ بھی سنادیا ،47 ہزار سے زائد خواتین اس روز گھر بیٹھی رہ گئیں۔ستم ظریفی کی انتہا یہ ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی جو ساری انتخابی مہم بے نظیر بھٹو کے نام پر چلاتی رہی۔

وہ خود اس غیر قانونی اور غیر اخلاقی معاہدے کا حصہ بن گئی، کچھ روز پہلے جیو نیوز نے اس معاہدے سے متعلق خبر نشر کی تو ایک ایک کرکے تمام جماعتوں نے تردید کے انبار لگادیے،لیکن اب سچائی کی اس بھیانک تصویر کو کون جھٹلائے گا۔