نچلی سطح پر عوام بلدیاتی مسائل سے دو چار ہیں، نشاط ضیاء قادری

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ سندھ حکومت شہری سندھ کے عوام کو لاوارث نہ سمجھے ،شہری سندھ کے بلدیاتی اداروں میں مالی بحران کی وجہ سے شہری علاقے کھنڈرات میں تبدیل ہوتے جارہے ہیں اور بلدیاتی اداروں میں ملازمین تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے خودکشی کرنے پر مجبور ہیں نشاط ضیاء قادری نے سندھ کے وزیر بلدیات سے کہا ہے کہ وہ احکامات صادر کرنے کے بجائے سندھ کے شہری علاقوں کے مکینوں کو بلدیاتی مسائل سے نجات دلا نے کے لئے مالی بحران سے نجات دلا ئیں۔

ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی سطح پر عوام کو درپیش بلدیاتی مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر علاقہ مکینوں نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کو گلیوں اور محلوں کی سطح پر درپیش بلدیاتی مسائل خصوصاً فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے بڑھتے ہوئے مسائل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی اداروں کے فنڈز میں کٹوتی کی وجہ سے بلدیاتی ادارے مالی بحران کا شکار ہیں اور علاقائی ترقیاتی شہری سندھ میں مکمل طور پر منجمد ہوچکے ہیں اور نچلی سطح پر عوام بلدیاتی مسائل سے دو چار ہیںمگر سندھ کے حکمران صرف احکامات صادر کرنے میں مصروف ہیں حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے عوام کو یقین دلا یا کہ حق پرست قیادت عوام کو محرمیوں کا شکار نہیں ہونے دے گی قائد تحریک محترم الطاف حسین کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے شہری سندھ میں ترقی اور عوامی خوشحالی کا سفر کے لئے جدو جہد جاری رکھیں گے۔

شاہ فیصل کالونی میں عوامی مسائل سننے کے بعد حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی علاقائی سطح پر فراہمی آب کے تعطل کے حوالے سے عوامی شکایات کو دور کیا جائے اور سیوریج مسائل کا فوری ازالہ کیا جائے اس موقع پر انہوں نے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے افسران سے بھی گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی وستھرائی اور بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے انتظامات کی بہتری کی ہدایت کی۔

Nishat Zia Qadri Visit

Nishat Zia Qadri Visit