ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو تک اضافہ

LPG

LPG

اسلام آباد (جیوڈیسک) ایل پی جی قیمت میں 10 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا ہے جس کے بعد گھریلو اور کمرشل سلنڈر کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 120 روپے جب کہ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں بھی 480 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت نے ایل پی جی کی درآمد پر 6 فیصد ٹیکس عائد کر دیا ہے۔

مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کے بعد گلگت بلتستان، مری، نتھیا گلی اور بالاکوٹ میں ایل پی جی 110 روپے فی کلو ہو گئی ہے جب کہ راولپنڈی، اسلام آباد، ایبٹ آباد، مظفرآباد، فاٹا، نوابشاہ میں ایل پی جی 100 روپے کلو مقرر کی گئی ہے۔

کراچی میں ایل پی جی کی نئی قیمت 80 روپے فی کلو ہونے کے بعد گھریلو سلنڈر 910 روپے کا ہوگیا ہے۔ لاہور، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم اور سیالکوٹ میں ایل پی جی 85 روپے کلو کے حساب سے دستیاب ہو گی۔ ایل پی جی کی قیمتیں حیدرآباد اور اٹک میں 90 روپے جب کہ میرپور آزاد کشمیر میں قیمت 95 روپے کلو مقرر کی گئی ہے۔