کراچی (خصوصی رپورٹ) بلدیہ کورنگی کے تحت صاف سرسبز پر امن سندھ مہم کے حوالے سے انتظامات تیزی کے ساتھ جاری ہے خصوصی صفائی مہم کے دوران گزشتہ روز شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز میں عبادت گاہوں ،درسگاہوں اور مدارس کے اطراف خصوصی صفائی مہم اور بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے انتظامات انجام دیئے گئے۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ تینوں زونز کا اچانک دورہ کرکے خصوصی صفائی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کے تحت جاری انتظامات کا معائنہ کیا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کوڑا کرکٹ ،کچرا بلڈنگ میٹریل سڑکوں اور گلیوں میں پھیلانے کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کرنے کئے جائیں انہوں نے کہاکہ صفائی وستھرائی کے نظام کو علاقائی سطح پر بہتر بنا نے کے لئے عملہ صفائی کی 100%حاضری اور وقت کی پابندی کو یقینی بنا یا جائے دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں سرسبز ماحول کے قیام کے حوالے سے بلدیہ کورنگی محکمہ پارکس کی جانب سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ہدایت کی کہ چورنگیوں ،چوراہوں اور شاہراہوں کی سنٹرل آئی لینڈ کو سرسبز بنا یا جائے اور گرین بیلٹس اور فیملی پارکوں میں جاری تزئین و آرائش کے حوالے سے انتظامات کو تیز کیا جائے اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے کہاکہ صفائی وستھرائی کے حوالے سے جاری انتظامات کو مزید بہتر بنا نے کے ساتھ اس مستقل بنیادوں پر قائم کیا جائے اور علاقائی سطح پر صحت مند ماحول کے قیام کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے تواتر کے ساتھ انجام دیا جائے۔