کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاری کراچی سے رکن قومی اسمبلی عبدالشکور شاد نے کہا کہ لیاری کے نوجوانوں نے کھیل کے تما م شعبے ملک کو ٹیلنٹ فراہم کیا ہے فٹ بال ،کرکٹ،باکسنگ سمیت کھیل کے تمام شعبوں میں کراچی کے نوجوانوں نے اپنا لوہا منوایا اور دنیا میں قومی پرچم سربلند کیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوںنے پاکستان یوگا اسپورٹس فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل خالد بروہی کی قیادت میں اسپورٹس آرگنائزرز اور کھلاڑیوں سے ملاقات میں کیا۔
عبدالشکور شاد نے کہاکہ لیاری سمیت شہر کے تمام علاقوں میں کھیلوں کو فروغ اور کھلاڑیوں کی مکمل سرپرستی کرتا رہوں گا انہوںنے کھلاڑیوں اور منتظمین اسپورٹس کو یقین دلا یا کہ شہر قائد میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کے مسائل سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو آگاہ کروں گا اس موقع پر انہوںنے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صحت مند معاشرہ ،قیام امن اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لئے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے اور ہم سب کی یہ کوشش ہونی چاہیئے کہ کھیلوں کے میدانوں کو آباد کریں کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور اُن کی بہترین تربیت کے لئے سرپرستی کا فریضہ انجام دیتے رہیں عبدالشکور شاد نے کہا کہ بہت جلد شہر قائد میں اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا جائیگا جس میں شہر کے تمام علاقوں سے کھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنا یا جائیگا۔