لیاری، فائرنگ اور راکٹ حملوں میں پولیس اہلکارسمیت 4 افراد جاں بحق

Karachi Firing

Karachi Firing

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کا علاقہ لیاری ایک مرتبہ پھر میدان جنگ بن گیا دوگروپوں کے درمیان فائرنگ اور راکٹ حملوں میں ایک پولیس اہلکار سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران لیاری گینگ وار کا ملزم ہلاک ہو گیا۔ کچھ دن سکون کے بعد شہر قائد کا علاقہ لیاری فائرنگ اور راکٹ حملوں سے گونج اٹھا، گینگ وار کے دو گروپوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

احمد شاہ بخاری روڈ اور ٹینری روڈ پر دو مسلح گرہوں میں تصادم اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے باعث ایک شخص جاں بحق دو بچیوں سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کی بکتر بند علاقے میں داخل ہوئی تو مسلح افراد نے بکتر بند پر اعوان راکٹ حملہ کیا جس سے ایک پولیس اہلکار عیسی جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس اور رینجرز نے الفلاح روڈ اور بہار کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ رینجرز اور پولیس کی نفری نے مختلف گھروں میں تلاشی لی اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد لیاری گینگ وار کے اہم ملزم کریم بلوچ کو ہلاک کر دیا۔ آئے دن فائرنگ سے علاقہ مکین خوفزدہ ہیں۔ چاکیواڑاہ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ الفلاح روڈ اور بہار کالونی میں رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے تاہم علاقہ مکین خوف میں مبتلا ہیں۔