کراچی (جیوڈیسک) کراچی متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لیاری،آگرہ تاج کالونی ،ہنگورآباداوردیگرعلاقوں میں کچھی برادری، کاٹھیا واڑی ،بوہری اور دیگر برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد پر لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کے مسلح حملوں اور بے گناہ افرادکے قتل اوردہشت گردی کی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
الطاف حسین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، نگراں وزیراعلی سندھ زاہد قربان علوی ، کورکمانڈر کراچی لیفٹننٹ میجر جنرل اعجاز چودھری، ڈی جی رینجرز میجرجنرل رضوان اور آئی جی سندھ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ کچھی برادری ،کاٹھیاواڑی برادری ، بوہری برادری اور دیگر برادریوں کی جان ومال کو دہشت گردوں کے مسلح حملوں سے مکمل طور پر تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہنگامی بنیاددوں پر اقدامات کئے جائیں۔
الطاف حسین نے دہشت گردوں کے مسلح حملوں کے نتیجے میں شہیدہونے والے کچھی برادری اور دیگر برادریوں کے افرادکے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے پوری کچھی برادری،کاٹھیاواڑی برادری اور دیگر تمام برادریوں سے مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کچھی برادری اور دیگر برادریوں کے متاثرین کے تمام نقصانات کا ازالہ کیا جائے ،شہدا کے لواحقین کو معقول معاوضہ ادا کیا جائے اورلیاری اوراس سے ملحقہ علاقوں میں امن وامان کے قیام کیلئے مویثر اقدامات کئے جائیں۔