کراچی (جیوڈیسک) اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم ویسٹ پولیس نے لیاری گینگ وار کے 4 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے مسروقہ موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ گرفتار ٹارگٹ کلرز پولیس افسران و اہلکاروں کے قتل اور زخمی کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں، تفصیلات کے مطابق ویسٹ زون کی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے اورنگی ٹائون سیکٹر 4-E رحمن بابا گرائونڈ کے قریب سے لیاری گینگ وار کے 4 ٹارگٹ کلر ظہیر عرف بابا ،جمیل ، فدا بلوچ اور اظہر کو گرفتار کر کے 4 پستول اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے مایا زکری گروپ سے ہے، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ سال 2011 میں ماڑی پور تھانے کی حدود میں سب انسپکٹر عبدالکریم چوہان کو فائرنگ کر کے قتل کیا جس کا مقدمہ ماڑی پور تھانے میں درج ہے،10 اپریل 2013 کو ملزمان نے سائٹ بی تھانے کی حدود میں 2 پولیس اہلکاروں زاہد احمد اور خالد محمود کو فائرنگ کر کے قتل کیا اورملزمان فرار ہوتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی سرکاری ایس ایم جی بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔
سائٹ بی تھانے کی حدود میں ہی ملزمان نے 20 جون 2013 کو حوالدار آفتاب خان اور حوالدار مشتاق کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا اوراس واقعے کا مقدمہ بھی انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج ہے،گرفتار ملزمان نے یکم اگست 2013 کو ماڑی پور تھانے کی حدود میں پولیس اہلکار نصرت حسین کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا تھا،اس واقعے میں ایک راہ گیر انور جمیل بھی زخمی ہوا تھا ،گرفتار ملزمان نے 2 اکتوبر 2013 کو سائٹ اے تھانے کی حدود میں سادہ لباس میں موٹرسائیکل پر 2 پولیس اہلکاروں کانسٹیبل ابراہیم اورکانسٹیبل راشد کو ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے زخمی کردیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان اس سے قبل تھانہ بلدیہ ٹائون اور چاکیواڑہ میں قتل، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان پولیس مقابلوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں بھی گرفتار ہو چکے ہیں ، ملزمان اغوا برائے تاوان، قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور پولیس مقابلے سمیت دیگر سنگین نوعیت کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔