اسلام آباد (جیوڈیسک) ایف آئی اے نے لیاری گیگنگ وار سے تعلق رکھنے والے عزیر بلوچ، بابا لاڈلا اور تاج محمد کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری ک ردیئے۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی کے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے عزیر بلوچ، نور محمد عرف بابا لاڈلا اور تاج محمد عرف تاجو کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ ریڈنوٹس کی منظوری وزارت داخلہ کی جانب سے دی گئی جس کے بعد انٹرپول کو بھی اس سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے باقاعدہ انٹرپول سے رابطہ کر لیا ہے جس کے بعد انٹرپول اب ملزمان کے ریڈوارنٹ جاری کرے گا اور ملزمان کو گرفتار کر کے حکومت پاکستان کےحوالے کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے بعد ایف آئی اے انہیں سندھ حکومت کے حوالے کرے گی جس کے بعد ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کراچی میں امن وامان کےحوالے سے مارچ میں اعلیٰ سطح اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے خصوصی طور شرکت کی تھی، اجلاس میں انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لئے سندھ حکومت کوہدایت دی گئی تھیں جس کےبعد محکمہ داخلہ سندھ نے لیاری گینگ وارسمیت 80 سے زائد انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لئے وزارت داخلہ کو ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی سمری ارسال کی تھی۔