لیاری گینگ وار کے کارندے سمیت 3 ملزمان مقابلوں میں ہلاک

Lyari

Lyari

کراچی (جیوڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران لیاری گینگ وار کے انتہائی اہم کارندے ندیم عرف جاپان والا سمیت 3 ملزمان ہلاک ہوگئے، ملزم ندیم جھٹ پٹ مارکیٹ میں 16 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں مرکزی ملزم جبکہ قتل کی 60 سے زائد وارداتوں میں ملوث تھا۔

تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے میں نیپئر روڈ پر پرانا حاجی کیمپ کے قریب پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں لیاری گینگ وار کا ملزم ندیم عرف جاپان والا ہلاک ہوگیا، ایس ایس پی سٹی شیراز نذیر نے بتایا کہ ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار کے بابا لاڈلا گروپ سے تھا۔

جبکہ وہ کچھ عرصہ قبل جھٹ پٹ مارکیٹ میں خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں مرکزی ملزم تھا، شیراز نذیر نے مزید بتایا کہ ملزم نے اپنے بھائی جہانزیب کو بھی قتل کیا تھا جبکہ وہ پولیس کانسٹیبل زمان کے کیس میں بھی نامزد تھا، ملزم ندیم عرف جاپان والا 60 سے زائد قتل کی وارداتوں میں ملوث تھا۔

علاوہ ازیں چنیسر گوٹھ میں سی آئی ڈی نے ملزم ثاقب سردار کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو اس نے فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم مارا گیا، ایس ایچ او محمود آباد سرور کمانڈو نے بتایا کہ ملزم کا تعلق اشوک گروپ سے تھا۔

اور وہ پولیس اہلکار جاوید اختر کے قتل سمیت کئی مقدمات میں مطلوب اور مفرور تھا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا، دریں اثنا سمن آباد میں شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف ایک ملزم ہلاک جبکہ اس کا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔

ایس ایچ او نادر نے بتایا کہ سمن آباد کے علاقے میں باغ سمن کے قریب دو ڈاکو شہریوں سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کررہے تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک جبکہ اس کا دوسرا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہوگیا، فوری طور پر ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی۔