لیاری اور لانڈھی ٹائون میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیا جائے : پاسبان

کراچی: پاسبان لیاری ٹائون کے صدر عارف جلب اورلانڈھی ٹائون کے صدر ناصر ولی نے لیاری اور لانڈھی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ وزیر مملکت پانی و بجلی بجلی کے محکموں کی کرپشن پر پردہ نہ ڈالیں بلکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کریں اور کے ای ایس سی کی صارفین کو لوٹنے سے بچائیں ،چور چور کا رٹ لگاکرکے ای ایس سی کو صارفین کی جیبوں پرڈاکہ ڈالنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔

بجلی صارفین نادہندہ نہیں بلکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی ،کے اسی ایس سی کی لوٹ کھسوٹ اور ایوریج بل کی عدم درستگی نے اکثریت تعداد میں صارفین کو نادہند بننے پر مجبور کردیا اب بھی اکثریٹ تعداد میں صارفین کو چورکا لقب دیکر ان کے بلوں میں استعمال شدہ بجلی کے ساتھ جرمانہ عائد کرکے اضافی بل وصول کیا جا رہا ہے۔

صارفین کو چور کا لقب دیکر جیل بھجوانے کی دھمکیاں دینے کے بجائے کے الیکٹرک کی لوٹ کھسوٹ کا نوٹس لیکر ادارے کی اعلیٰ انتظامیہ کے خلاف دھوکہ دہی اور فراڈ کا مقدمہ قائم کیا جائے ،کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی صارفین سے اربوں روپے بٹورنے کی تصدیق نیپرا اور ایف بی آر کرچکے ہیں اس کے باوجود وفاقی وزیر اور وزیر مملکت پانی و بجلی اس اہم معاملے پر چشم پوشی اختیار کئے ہوئے ہیں ، پاسبان رہنمائوں نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غریب شہریوں کو ریلیف دیں ،غریب اورکم آمدنی والے بجلی صارفین کو بجلی کے بقایاجات معاف کرکے انہیں بل کی ادائیگی کے قابل بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور لیاری اور لانڈھی کے شہریوں کو بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے نجات دلائیں۔