کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلی سندھ کی جانب سے کراچی کے علاقے لیاری میں امن وامان سے متعلق قائم کمیٹی کے رکن تاج حیدر کا کہنا ہے کہ لیاری کا مسئلہ سیاسی نہیں انتظامی ہے ، متاثرہ علاقوں میں چوکیاں قائم کی جائیں گی۔ لیاری میں امن وامان سے متعلق قائم کمیٹی کا اجلاس وزیر قانون اور کمیٹی کے سربراہ سکندر مندرو کی صدارت میں ہوا۔
اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے تاج حیدر نے کہا کہ لیاری چھوڑ کر جانے والوں کیلئے گھارو اور دیگر مقامات پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کے علاقے آدم خان روڈ، کوئلہ گودام، غلامان عباس اسکول، ماڑی پورروڈ اور ہنگورہ آباد، جونا مسجد سمیت اطراف کے علاقے متاثر ہیں۔
ان علاقوں میں چوکیاں قائم کی جائیں گی۔ تاج حیدر نے مزید بتایا کہ کمیٹی نے اپنی سفارشات مرتب کرکے وزیر اعلی سندھ کو بھیج دی ہیں ، جس پر وزیر اعلی نے آج کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ تاج حیدر نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی نے سندھ حکومت سے کوئی بات نہیں کی۔انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔