لیاری میں رینجرز کی کارروائیاں، گینگ وار کے 4 مبینہ ملزم ہلاک، 2 گرفتار

Rangers

Rangers

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز کی دو کارروائیوں میں گینگ وار کے 4 مبینہ ملزم ہلاک، جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا گیا۔

لیاری کے علاقے شاہ بیگ لین میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے گھر گھر تلاشی کے دوران رینجرز کے ساتھ مبینہ مقابلے میں گینگ وار کا ملزم ساجد ہلاک ہوگیا۔ ملزم کا تعلق جبار جھینگو گروپ سے بتایا گیا ہے اور وہ دو خواتین سمیت 12 افراد کے قتل میں ملوث تھا۔

کارروائی کے دوران ملزم کے دو ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ رینجرز نے گینگ وار کے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر لیاری میں مرزا آدم خان روڈ کے قریب تغلق لین میں چھاپہ مارا تو ملزمان سے مبینہ مقابلہ ہو گیا ۔

مبینہ مقابلے میں گینگ وار کے تین ملزمان ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے جدید اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ہلاک ملزمان کی لاشیں سول اسپتال منتقل کردی گئی ہیں ان کی شناخت شاہد پٹنی، حنیف ولد پیر محمد اور جمال کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ملزمان سنگین نوعیت کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔