بدین (جیوڈیسک) بدین کراچی کے علاقے لیاری میں بدامنی کے باعث نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اب تک بدین پہنچے والوں کی تعداد دو ہزار افراد سے تجاوز کر گئی ہے۔ متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ کراچی جل رہا ہے ان کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ وہ اپنی جان بچا کر نکلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قیام امن تک لیاری واپس نہیں جا سکتے کچھ افراد نے عارضی طور پر ڈی سی چوک پر ڈیرا ڈالا ہے تو کچھ متاثرین درگاہ شاہ گریو کے اردگرد کھلے آسمان تلے بییارومددگار بیٹھے ہیں۔ لوگوں کو کھانے اور پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی ضروریات نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے بھی نقل مکانی کرنے والوں کیلئے مناسب انتظامات نہیں کئے جا رہے۔