پاسبان لیاری ٹائون کی جاگو مہم کامیابی پر لیاری کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں : عارف جلب
Posted on April 23, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز, کراچی
کراچی: پاسبان لیاری ٹائون کے صدر عارف جلب نے پاسبان لیاری ٹائون کی جانب سے لیاری کے عوام کو جگانے کے حوالے سے جاگو لیاری والوں جاگو کی مہم کی کامیابی پر لیاری کے عوام کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ سانحہ جٹ پٹ مارکیٹ کی یاد میں لیاری کے عوام کی جانب سے آج کراچی پریس کلب پر شمعیں روشن کرنے کی تقریب کی تیاریوں میں لیاری کے عوام کاجوش و خروش قابل دید ہے لیاری کے عوام کی بڑی تعداد آج پریس کلب کے باہر شمعیں روشن کریگی۔
وہ پاسبان لیاری ٹائون کے دفتر میں لیاری ٹائون کی نو منتخب کیبنٹ کے اراکین کے پہلے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ،اس موقع پر پاسبان لیاری ٹائون کے جنرل سیکریٹری و انچارج لیگل ایڈکمیٹی غلام قادر، سینئر نائب صدر سید صابر شاہ،نائب صدور عثمان اعوان ،عمر بلوچ ،شکور آغا،ڈپٹی سیکریٹری فاروق نیازی ،جوائنٹ سیکریٹریز محمد جمیل ،فیصل پٹنی ،اشرف قریشی ،عطا محمد ہوت،پریس سیکریٹری اقبال عمر فاروقی اورآفس سیکریٹری محمد عرفان مغل بھی موجود تھے ۔ عارف جلب نے کہا کہ لیاری کے عوام سانحہ جٹ پٹ مارکیٹ کو کبھی نہیں بھول سکتے ،حکومت سانحہ جٹ پٹ مارکیٹ سمیت لیاری میں ہونیوالی فائرنگ کے واقعات میں شہیدہونیوالوں کے ورثا کو فی کس پانچ لاکھ اور زخمی ہونیوالوںکو فی کس 3لاکھ روپے معاوضہ دے اور لیاری کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے ، انہوں نے کہا کہ لیاری کے کئی گھرانوں میں خوف و ہراس اور دھماکوں سے بھی ہلاکتیں ہوئیں ہیں آج بھی شہید ہونیوالے لیاری کے مکینوں کے گھروں میں صف ماتم پچھی ہوئی ہے۔
انہوں نے اجلاس میں لیاری کے سرکاری اسکولوں میں گذشتہ دو سال سے طلبہ و طالبات کو وظیفہ نہ ملنے اور کتابوں کی فراہمی کیلئے اسکول انتظامیہ کی جانب سے پیسے طلب کرنے کی اطلاعات پر بھی شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ لیاری کے اسکولوں کے طلبہ و طالبات کو دو سال سے وظیفہ نہ ملنے کے واقع کی تحقیقات کیلئے اسکولوں کا سروے کیا جائے جن اسکولوں میں وظیفہ کرپشن کی نذر کیا گیا ہو ان اسکولوں کی انتظامیہ کے خلاف کرپشن کے مقدمات قائم کئے جائیں اورکرپشن کی گئی فنڈ واپس لیکر طلبہ و طالبات کو ادا کیا جائے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com