کراچی (جیوڈیسک) کراچی متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر اور حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر اس مرتبہ بھی تمام تر نامساعد حالات کے باوجود ایم کیوایم انسانیت کی خدمت کا عمل جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ چرم قربانی کا حصول مذہبی طور پر لیاجائے ، ہم کھالیں نہیں ثواب جمع کررہے ہیں اور اس ثواب کے کام میں ایسا عمل اور رویہ نہ ڈالیں جس سے یہ عذاب بن جائے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے لال قلعہ گراونڈ عزیز آباد میں چرم قربانی کے حصول کیلئے خدمت خلق فاونڈیشن کے رضاکاروں اور ایم کیو ایم کے کارکنان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر نصرت، اراکین رابطہ کمیٹی انیس قائم خانی، واسع جلیل، یوسف شاہوانی امین الحق، احمد سلیم صدیقی، عامر خان، سید حیدر عباس رضوی، عاد ل خان، خالد سلطان، اسلم آفریدی، حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔