کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم سے بات ہو رہی ہے، اخبارات میں آگیا ہے اس سے زیادہ مجھے نہیں پتا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی جانب سے ارکان اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پر آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ صوبے کی بہتری کے لئے اپنی انا کو ختم کر کے کام کرنا ہو گا، مل جل کر صوبے کے لئے کام کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ پیپلزپارٹی کے رہ نما نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی سولو فلائٹ کرنا نہیں جانتی، سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعلی سندھ نے لیاری جانے سے متعلق سوال پر کہا کہ لیاری پیپلزپارٹی کا قلعہ ہے، لیاری کے اراکین کے بلانے پر گئے تھے۔ ایم کیو ایم کے اراکین کی اسمبلی اجلاس میں کم تعداد میں شرکت سے متعلق سوال پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ان سے پوچھیں وہ کیوں اسمبلی میں کم آئے۔
پیپلز پارٹی مفاہتی پالیسی پر چلتی رہے گی، ایم کیو ایم سے بات ہورہی ہے اخبارات میں آ گیا ہے اس سے زیادہ انہیں نہیں پتا۔ آغا سراج درانی کے عشائیے میں متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین نے شرکت نہیں کی۔