ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن بنچوں کے لئے درخواست جمع کرادی

Farooq Sattar

Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ جمہوریت کے فروغ اور پاکستان کی مضبوطی کو فوقیت دی ہے یہی وجہ ہے کہ ملک میں ہونے والے حالیہ انتخابات کے بعد ہم نے خیر سگالی کے جذبے کے تحت قومی اسمبلی میں واضح اکثریت حا صل کرنے والی جماعت مسلم لیگ کی جانب سے وزارت عظمی کے امیدوار میاں محمد نواز شریف کی غیر مشروط حما یت سے عملایہ ثابت کیا ہے کہ ہم ان کی اکثریت کو قبول کر تے ہیں اور پاکستان میں جمہوریت کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

اب جبکہ وزارت عظمی کے انتخا ب کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کی طرح ایم کیو ایم بھی ایوان میں اپنا ایک مثبت اور مو ثر حزب اختلاف کا کردار ادا کرنے کیلئے اور اپنے تشخص کو ایوان میں برقرار رکھنے کیلئے علیحدہ اپو زیشن بینچوں کا مطا لبہ کر تی ہے۔

اس سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے ہم نے قومی اسمبلی سیکٹریٹ کی جانب سے موصول شدہ خط کے جواب میں قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی علیحدہ نشستیں مختص کرنے کے لئے اپنی درخواست اسپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں جمع کرادی ہے۔