کراچی (جیوڈیسک)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بدامنی کیس کی سماعت میں ایم کیو ایم نے نئی حلقہ بندیوں پر نظر ثانی درخواست واپس لیلی۔
کراچی بدامنی کیس کی سماعت جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کی ۔ سماعت کے دوران ایم کیو ایم کے وکیل ڈاکٹر فروغ نسیم نے موقف اختیار کیا کہ مردم شماری کے بغیر حلقہ بندیاں نہیں ہوسکتی جس پر جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے کوئی نیا آرڈر نہیں دیا۔
وطن پارٹی کیس میں الیکشن کمیشن نے رپورٹ پیش کی تھی جس پر عدم اعتماد کااظہار کیا اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کو طلب کیا گیا جن کا کہنا تھا کہ ہم حلقہ بندیاں کرسکتے ہیں ۔
عدالت میں فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن قلابازیاں کھا رہاہے جس پر جسٹس خلجی عارف حسین نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن میں شفاف اور قابل اعتماد لوگ موجود ہیں اداروں کی عزت کرنا ہم پر لازم ہے ۔ عدالت میں فروغ نسیم نے الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر درخواست پر اپنی درخواست واپس لینے کی استدعا کی جس پر درخواست خارج کردی گئی۔