ایم ڈبلیو ایم کا کوئٹہ اور کراچی کے سانحات کیخلاف جمعہ کو یوم ایفائے عہد منانے کا اعلان
Posted on July 3, 2013 By Geo Urdu اسلام آباد
اسلام آباد : مجلس وحدت مسلمین اضلاع راولپنڈی و اسلام آباد کا اہم اجلاس مرکزی دفتر اسلام آباد میں منعقد ہوا ،جس کی صدارت ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید ظہیر نقوی نے کی جبکہ مرکزی سیکرٹری فنانس سید مبارک موسوی اور ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی ، اجلاس میںایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں و عہدہداروں کے علاوہ انجمن اثنا ء عشری، دعائے زہراء سمیت راولپنڈی و اسلام آباد کے تمام مذہبی تنظیموں کے نمائندگان، اہم شخصیات اور اکابرین شریک تھے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشاور اور کو ئٹہ میں معصوم انسانوں کے قتل عام ا کے خلاف جمعہ یوم ایفائے عہد منایا جائے گا، اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمیں کے مرکزی سیکرٹری فنانس سید مبارک موسوی اور اسلام آباد کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید ظہیر نقوی نے کہا کہ اس وقت پورا ملک بے گناہ انسانوں کے خون میں ڈوبا ہوا ہے، ان حالات میں حکمرانوں کی جانب سے دہشت گردوں اور قاتلو ں سے مذاکرات شہدا کے خون ساتھ غداری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب سفاک دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کی نہیں ان کے ٹھکانوں کے خلاف آپریشن کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کے خون کے وارث ہیں انشاء اللہ یہ خون ناحق رائیگاں نہیں جانے دیں گے انہوں نے جمعہ کے روز شہداء کے عہد وفا کرنے اور پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کیا۔