بالی وڈ (جیوڈیسک) بھارت کے لیجنڈ اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار نے اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی سوانح حیات میں اعتراف کیا ہے کہ اگر مدھو بالا کا باپ شادی کو ذاتی کاروبار کے طور پر نہ لیتا تو اس سے شادی ہو جاتی۔ 91 سالہ دلیپ کمار کے مطابق میں مدھوبالا کو ایک ساتھی اداکارہ اور مستقبل کا ساتھی دونوں لحاظ سے پسند کرتا تھا۔
فلم مغل اعظم میں ہماری جوڑی کے بارے میں لوگ کہنا شروع ہو گئے تھے کہ ہم ایک دوسرے کے لئے خاص جذبات رکھتے ہیں۔
جب مدھو بالا نے میرے بارے میں اپنے احساسات کا ذکر فلم کے ہدایتکار کے آصف سے کیا تو اس نے بھی اس کی حوصلہ افزائی کی۔ لیکن مدھو بالا کے باپ نے اس ممکنہ شادی کو ایک بزنس کا منصوبہ بنانے کی کوشش کی،جس سے بات بگڑ گئی۔
مدھوبالا کا والدعطا ءاللہ خان ایک اپنی پروڈکشن کمپنی رکھتا تھا،اور اس کی خواہش تھی ہم دونوں اسی میں ہی کام کریں۔ مغل اعظم کی تکمیل ابھی نہیں ہوئی تھی،اور ہم دونوں کی بول چال بھی بند ہو چکی تھی۔ لیکن ہم پروفیشنل آرٹسٹ تھے اور ہدایت کار کی ہدایت کے مطابق کام کرتے رہے۔
مدھو بالا کی سوچ تھی کہ ایک بار شادی ہو گئی تو معاملات از خود بہتر ہو جائیں گے، لیکن میں ایک کمپنی کے بینر تلے آ کر اپنا کیرئیر خراب کرنا نہیں چاہتا تھا۔
دلیپ نے لکھا ہے کہ اس کے باپ کے ساتھ کئی مرتبہ بات ہوئی،جب کہ مدھو بالا خود نیوٹرل رہی،جس سے ایسی صورت حال پیدا ہو گئی کہ شادی کا امکان ختم ہو تا چلا گیا۔