کراچی (جیوڈیسک) بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ نے کہا ہے کہ مادھوری ڈکشٹ منجھی ہوئی اداکارہ ہیں ان کے ساتھ ایک مرتبہ پھر کام کر کے اپنا ماضی یاد آ گیا، مادھوری صرف اداکارہ ہی نہیں ہیں بلکہ مکمل اکیڈمی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فلم ڈائریکٹر سومک سین کی فلم گلاب گینگ کی شوٹنگ کے دوران اکثر جب ہماری آپس میں بات چیت ہوتی تھی تو ہم ماضی کے جھروکوں میں چلے جاتے تھے، انھوں نے کہا کہ وقت کیسے گزر گیا یہ پتہ ہی نہ چل سکا مگر ایک اچھی بات یہ ہے ہم نے بھرپور وقت گزارا اور ہمارے سینئرز اور جونئیرز نے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا، 90 کی دہائی میں بھارتی فلم انڈسٹری میں سخت مقابلہ ہوتا تھا، ہر آنیوالی نئی فلم اپنے مقابل بننے والی فلم کو ٹف ٹائم دیتی تھی۔
ایک سوال کے جواب میں بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فلم گلاب گینگ کامیاب ہو گی، فلم کی کہانی اور اس کے گانے بتا دیتے ہیں کہ اس کا کیا مستقبل ہو گا، میرے حد تک اگر یہ سوال ہو تو فلم بہت کامیاب ہو گی مگر اب عوام کا فیصلہ کیا ہے، یہ 7 مارچ تک معلوم چلے گا۔ واضح رہے بھارتی فلم ڈائریکٹر سومک سین کی فلم گلاب گینگ 7 مارچ کو ریلیز ہو گی۔