لاہور (جیوڈیسک) اداکارہ کرشمہ کپور کو بالی ووڈ میں واپسی راس نہ آئی، ’’ڈینجرس عشق‘‘ کی ناکامی نے اس کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ نے 2003ء میں اپنے کلاس فیلو اور صنعتکار سنجیوکپور سے شادی کرنے کے بعد فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
اس سال ان کی صرف ایک فلم ’’باز‘‘ ریلیز ہوئی جو باکس آفس پر ناکام ہوئی۔ 2006ء میں ان کی دو فلمیں ’’میرے جیون ساتھی‘‘ اور ’’ضمانت‘‘ ریلیز ہوئیں جن میں ’’ضمانت‘‘ ارشد وارثی کے فلمی کیریئر کے شروع دنوں کی فلم تھی جو 1996ء میں بنی اور بعدازاں ریلیز نہ ہو سکی۔
اداکارہ اس دوران ’’اوم شانتی اوم‘‘ سمیت چند ایک فلموں مہمان اداکارہ کے طور پر پردۂ اسکرین پر نظر آتی رہیں۔ سال 2011ء میں کرشمہ کپور نے شوبز میں باقاعدہ طور پر واپسی کا اعلان کرتے ہوئے وکرم بھٹ کی فلم ’’ڈینجرس عشق‘‘ سائن کی جس کی بھرپور پبلسٹی کی گئی۔
جب کہ کرشمہ کپور بھی اپنی اس فلم کی باکس آفس پر کامیابی کے لیے پرامید تھیں جس کے لیے انھوں نے سلم اسمارٹ نظر آنے کے لیے ایکسرسائز کے ذریعے وزن بھی کم کیا تھا۔ فلمی پنڈتوں کا کہنا تھا کہ 39 سالہ اور دو بچوں کی ماں کرشمہ کپور اب ہیروئن کے کرداروں کے لیے موزوں نہیں رہی بلکہ اسے کریکٹر رول کرنے چاہئیں۔
مذکورہ فلم کی ناکامی کے بعد کرشمہ کپور سے کسی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر نے رابطہ ہی نہیں کیا، البتہ لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اور ہیمامالنی کی فلم ’’ستہ پہ ستا‘‘ کا ری میک میں اسے ہیما مالنی کے کردار کی آفر کی گئی مگر سنجے دت کے جیل چلے جانے کے بعد یہ پراجیکٹ التواء کا شکار ہو گیا ہے۔