مادھوری ڈکشت اور جوہی چاولہ کی فلم ‘گلاب گینگ’ کی ریلیز پر پابندی عائد

Gulab Gang

Gulab Gang

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی عدالت نے مادھوری ڈکشت اور جوہی چاولہ کی فلم ‘گلاب گینگ’ کی ریلیز پر تا حکم ثانی پابندی عائد کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دلی کی ہائی کورٹ نے اتر پردیش اور مدھیہ پردیش میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’گلابی گینگ‘ کی رہنما سمپت پال کی درخواست پر مادھوری ڈکشت اور جوہی چاولہ کی فلم پر پابندی عائد کی ہے۔ سمپت پال نے عدالت میں درخواست دائر کر رکھی تھی کہ فلم کے حوالے سے ان سے اجازت نہیں لی گئی اور ان کے کردار کو بھی بری طرح پیش کیا گیا ہے۔

سمپت پال کا اس موقع پر کہنا تھا کہ فلم ‘گلاب گینگ’ میں ان کے حقیقی کردار کو برے طریقے سے پیش کیا گیا ہے جس سے ان کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچا ہے تاہم کیس میں ان کی جیت ہوئی ہے جس پر بہت خوش ہوں، عدالتی فیصلے سے ملک کے قانونی نظام پر اعتماد بحال ہوا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سمپت پال کا کہنا تھا کہ میں نے ‘گلابی گینگ’ قائم کیا، میں اس گینگ کی بلکہ دنیا بھر ‘گلابی گینگ’ کی کمانڈر تھی، ہوں اور رہوں گی، کوئی کس طرح مجھے اس گینگ سے الگ کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ مادھوری ڈکشت اور جوہی چاولہ کی ایکشن سے بھرپور فلم ‘گلاب گینگ’ 7 مارچ کو ریلیز ہونا تھی۔