کراچی : وفاق المدارس العرابیہ پاکستان کے صوبائی مسؤلین کا اجلاس اتوار کو جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم کی زیر صدارت جامعہ بنوریہ عالمیہ میں منعقد کیاگیا۔
اجلاس میں مولاناابرہیم سکرگاہی،مولانا غلام رسول،مولانامنظوراحمد،مولاناعبیداللہ چترالی،مولاناسیف اللہ ربانی مولانااکرام الرحمن،مولانااعجازوسمیت دیگر علماء کرام نے شرکت کی اجلاس میں گزشتہ روز مجلس عاملہ کے اجلاس میں ال پارٹیز کانفرنس ،مسائل کے حل کے لیے صوبائی سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل ۔29جنوری کو کنونشن سنیٹر اسلام آباد میں تقسیم انعامات کی تقریب سمیت ہونے والے دیگر فیصلوں پر عمل درآمد کیلئے مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں شریک صوبائی مسؤلین نے اپنے اپنے علاقوں کے مدارس کی مشکلات کے حوالے سے تفصیلات بھی اجلاس کے سامنے رکھنے کے ساتھ 16نومبر2016 کومدارس کے طلبا عوم الناس کو تکلیف دئے بغیرایک دن سڑکوں پر درس وتدریس کے انتظامات کوحتمی شکل دیدی گئی اور مجلس عاملہ کے اجلاس کی روشنی میں ہونے والے فیصلوں کے مطابق وفاق المدارس کے تحت اسکول سسٹم متعارف کرانے اور دینی مدارس میں میٹرک تک عصری مضامین کو بتدریج لازمی قرار دینے کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
معلمین اور امتحانی عملے کی تربیت کے حوالے سے ترتیب وضع کی گئی ہے ، صوبائی سطح پر میڈیا سینٹر قائم کرنے کیلئے مشاورت کی کی گئی ۔اس موقع پر اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے رئیس شیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ وفاق المدارس العرابیہ پاکستان کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ مدارس میں اصلاحات کا سلسلہ آج کا نہیں بلکہ شروع سے ہی وقت کے ساتھ نصاب اور طریقہ تعلیم میں تبدیلیاں لاتے رہے ہیں وقت اور حالات سے نصاب کو ہم آہنگ کرنے کیلئے وفاق المدارس نے ہمیشہ کوششیں کی ہیں ، انہوں نے کہاکہ اسلام آبادمیں 29 جنوری 2017 کو اسلام آباد کنونشن سنیٹر میں تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیاجائے گا، اور 16 نومبر 2016 کومدارس کے طلبا عوم الناس کو تکلیف دئے بغیرایک دن سڑکوں پر درس وتدریس کا اہتمام کریں گے اور ملکی استحکام وترقی کے لیے یوم دعا کے طور پر منایا جائے گا۔
اجلاس میں موجود علماء کرام نے کراچی میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کیخلاف بلاتفریق کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگرد شہر میں مذہبی منافرت پھیلانے میں سرگرم ہیں حکومت بلاامتیاز کاروائیاں کرے اور دہشتگردی میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے۔
علماء کرام نے کہاکہ اہل مدارس نے دہشتگردی کیخلاف قانون نافذکرنیو الے اداروں کے ساتھ ہمیشہ سے مکمل تعاون کیاہے اور اپنا قومی فریضہ سمجتھے ہیں تاہم حکومتوں کو بھی چاہیے کہ وہ ہمیں دیوار سے لگانے کے بجائے کسی بھی قانون یا کوئی بھی اقدام سے قبل مدارس کے متعلقہ بورڈ کو اعتماد میں لیکر فیصلے کریں۔
دہشتگردی کا پروپیگنڈہ اب دم توڑ چکاہے اور یہ ثابت ہوچکاہے کہ مدارس ملک میں امن وآشنی کے فروغ کی درسگائیں ہیں۔