مہندر سنگھ دھونی بھارتی کرکٹ ٹیم کے سب سے کامیاب کپتان

Mahendra Singh Dhoni

Mahendra Singh Dhoni

میلبورن (جیوڈیسک) مہندر سنگھ دھونی انڈین کرکٹ ٹیم کے سب سے کامیاب کپتان ہیں جنہوں نے منگل کو ایک روزہ میچوں میں اپنے دس برس پورے کر لئے ہیں۔ مہندر سنگھ دھونی نے اپنا پہلا ایک روزہ میچ 23 دسمبر 2004ء کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا۔

بنگلہ دیش کے چٹاگانگ میں ہونے والے اس میچ میں دھونی بغیر کوئی رن بنائے رن آئوٹ ہو گئے تھے۔ یہ میچ بھارت نے 11 رنز سے جیتا تھا۔ مہندر سنگھ دھونی نے اپنی ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز سری لنکا کے خلاف 2005ء میں کیا تھا۔

دو دسمبر سے چھ دسمبر 2005ء تک چلنے والے اس میچ میں دھونی نے وکٹ کے پیچھے ایک کیچ لیا تھا اور پہلی اننگز میں 30 رنز بنائے تھے، یہ میچ ڈرا ہوا تھا۔ دھونی نے اپنا پہلا بین الاقوامی ٹوئنٹی 20 میچ ایک دسمبر2006ء کو جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ میں کھیلا۔

بھارت یہ میچ چھ وکٹ سے جیتا تھا۔ اس میں بھی دھونی کوئی قابلِ قدر کارکردگی نہ دکھا سکے اور بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس چلے گئے تھے۔ اس میچ میں بھی انھوں نے وکٹ کے پیچھے ایک کیچ لیا تھا۔