ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ میں اِن دنوں اسٹارز کی شادی کا سیزن ہے، ایسے میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی دوستی کے چرچے بھی گرم ہیں اور اب عالیہ کے والد اور ہدایت کار مہیش بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی صاحبزادی اور رنبیر کے درمیان محبت کا رشتہ ہے۔
برطانوی جریدے دی ٹیلی گراف کو دیے گئے انٹرویو میں مہیش بھٹ کا بیٹی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے رشتے کے بارے میں کہنا تھا کہ یہ بات بالکل درست ہے کہ عالیہ اور رنبیر ایک دوسرے سے بے حد محبت کرتے ہیں اور مجھے بھی رنبیر بہت پسند ہے، وہ بہت اچھا انسان ہے۔
مہیش بھٹ سے جب کہا گیا کہ وہ اپنی بیٹی کو کوئی نصیحت کرنا چاہیں گے تو انہوں نے کہا جب میں جوان تھا تو کسی کی نصیحت نہیں سنتاتھا مجھے لگتا ہے ہر انسان کو زندگی اپنے مطابق جینے کا حق ہونا چاہیے۔
دوسری جانب عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے والدین رشتے کے لیے رضامند ہیں جب کہ عالیہ اور رنبیر کا رشتہ دن بدن مضبوط ہوتا جارہا ہے۔ اداکارہ عالیہ بھٹ حال ہی میں فلم’براہمسترا‘کی شوٹنگ ختم کرکے نیویارک روانہ ہوئی ہیں جہاں وہ رنبیر کپور کے والد رشی کپور سے ملاقات کریں گی، رشی کپور علاج کی غرض سے نیویارک میں موجود ہیں۔