لاہور (جیوڈیسک) پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا وہ گزشتہ 5 برسوں سے اداکاری کر رہی ہیں اور اس تمام عرصے میں انہوں نے ہمیشہ اپنے ملک کی عزت کا ہمیشہ خیال رکھا ۔ ایک فنکار اور پاکستانی ہونے کی حیثیت سے وہ ملک کے اندر اور بیرون ملک اپنے وطن کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائی ہیں۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ایک پاکستانی ہونے کے ناطے وہ دنیا میں کسی بھی جگہ پر دہشت گردی اور اس کے نتیجے میں ہونے والے انسانی جانی نقصان کی مذمت کرتی ہیں۔ انہیں کبھی بھی جنگ یا خونریزی سے خوشی نہیں ملتی۔ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایک ایسی دنیا کا خواب دیکھتی اور امید رکھتی ہیں جہاں ان کا بچہ جنگ اور خون خرابہ نہ دیکھے۔
وہ ان تمام لوگوں کی شکر گزار ہیں جو انہیں پسند اور ان کی حمایت کرتے ہیں۔ واضح رہے اُڑی حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں شاہ رخ خان کے ساتھ ریلیز ہونیوالی فلم پر سوالات کھڑے ہوئے اور انہیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔