کراچی (خصوصی رپورٹ) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کی وجہ سے مقتل بن چکا ہے، آج اسلام کے نام پر ہرطرف دہشتگردی پھیلائی جارہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ افسوس کا مقام ہے کہ دہشتگردی کے تانے بانے مدارس سے جاملتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مدارس کو اوپن کرتے ہیں اور حکومت کو کہتے ہیں وہ آئے اور آڈٹ کرے۔ ہمارا ہمیشہ سے مطالبہ رہا ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کیا جائے اور دہشتگردی میں ملوث مدارس اور ان کے حمایتوں کے خلاف آپریشن کیا جائے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں مقامی ہوٹل میں سیرت مصطفیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ تکفیریت کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ پاک فوج کی مکل حمایت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں وہ دہشتگردوں اور کالعدم جماعتوں کی پشت پناہی سے گریز کرے، قوم دہشتگردی کیخلاف ایک ہوچکی ہے۔
کالعدم تنظیمیں نام بدل کراپنے کام کررہی ہیں جبکہ حکومت نے تاحال ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ راولپنڈی سمیت ملک بھر میں ملت تشیع کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے جبکہ حکومت تماشائی بنی ہوئی ہے۔ تاحال قاتلوں کا کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا۔