مجلس وحدت مسلمین نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے اڑتالیس پر تحریک انصاف کے نامزدامیدوار اسد عمر کی حمایت کا اعلان کردیا
Posted on August 20, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
مجلس وحدت مسلمین نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے اڑتالیس پر تحریک انصاف کے نامزد امیدوار اسد عمر کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی کے امیدوار اسد عمر نے اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنماء علامہ اصغر عسکری، علامہ اعجاز بہشتی اور ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی سے وحدت سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور ضمنی انتخاب میں حمایت کرنے کی درخواست کی۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے مجلس وحدت مسلمین سے اتحاد کے حوالے تقریباً معاملات طے پاگئے تھے تاہم انتخابی اتحاد نہ بن پانے پر افسوس ہے، مستقبل میں کوشش کی جائیگی کہ دونوں جماعتیں ساتھ چل سکیں۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے خبیر پختونخوا حکومت کی جانب سے دہشتگردی کے واقعات پر چشم پوشی اور فوری ردعمل نہ ظاہر کرنے پر بھی اعتراض اٹھایا گیا۔
اس پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ مجلس وحدت مسلمین کے تمام تحفظات کو دور کیا جائیگا اور آئندہ کسی شکائت کا موقع نہیں دیا جائیگا۔ اسد عمر نے کہا کہ وہ جلد اس حوالے سے کے پی کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے مجلس وحدت مسلمین کی قیادت سے ملاقات کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی اور ایجوکیشن سمیت دیگر ایشوز پر پالیسی بنائی جارہی ہے جس میں ایم ڈبلیو ایم کو بھی شامل کیا جائیگا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو تحریک انصاف سے امیدیں ہیں کہ وہ ملک کو بحرانوں سے نکالی گی، تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ ان امیدوں پر پورا اترے۔