کراچی (جیوڈیسک) مجلس وحدت مسلمین اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں لانگ مارچ اور انقلاب مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کراچی سمیت سندھ بھر اور بلوچستان میں احتجاجی دھرنوں کا اعلان کردیا، اس سلسلے میں نمائش پر مرکزی دھرنا دے دیا گیا۔
دھرنوں کا اعلان سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ یہ احتجاجی دھرنے حکومت کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔ پریس کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علی حسین نقوی، علامہ علی انور، پاکستان عوامی تحریک کے قاضی زاہد حسین ،محمود میمن، پاکستان مسلم لیگ ق کے جعفر الحسن، ثمر مہدی، سنی اتحاد کونسل کے صاحب زادہ اظہر رضا، سنی تحریک کے مطلوب اعوان اور دیگر نے خطاب کیا۔
شرکانے اعلان کیا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے حکومت کو دی جانے والی ڈیڈ لائن کے خاتمے اور نواز شریف کے مستعفی نہ ہونے کی صورت میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے فرمان پر ملک بھر میں احتجاجی تحریک کا دائرہ کار وسیع کردیا جائے گا، تمام اتحادی جماعتیں مل کر ملک بھر کی اہم شاہراہوں اور ریلوے اسٹیشنز پر دھرنوں کا آغاز کر دیں گی، پہلے مرحلے میں سندھ اور پنجاب کی اہم شاہراہیں بلاک کی جائیں گی، دوسرے مرحلے میں گلگت بلتستان، بلوچستان اور خیبر پی کے میں دھرنوں کا آغاز کر دیا جائے گا اور یہ دھرنے حکومت کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔ اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان، سنی اتحاد کونسل، پاکستان عوامی تحریک، سنی تحریک، مسلم لیگ ق کی جانب سے اسلام آباد میں جاری انقلاب مارچ کی حمایت میں نمائش چورنگی پراحتجاجی دھرنا دیا گیا۔