کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) جمعے کو پاک افغان سرحدی علاقے ضلع مہمند میں شہید ہونے والے میجر عدیل شاہد کی تدفین آج ہوگی۔
شہید میجر عدیل بہت زیادہ ملنسار تھے، ان کی شہادت سے گلستان جوہر فرحان ٹاور میں ان کے اہل محلہ بہت زیادہ افسردہ تھے۔
ان کی شہادت کی اطلاع ملتے ہی اہل محلہ اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد ان کے گھر پہنچ گئی۔
شہید عدیل شاہد کی تین بیٹیاں ہیں، انہوں نے کچھ سال قبل شہید کیپٹن کی بیوہ سے دوسری شادی کی تھی جن سے ان کی دو جڑواں بچیاں ہیں جن کی عمر ڈیرھ سال ہے۔
بڑی بیٹی چار سال کی ہے، شہید عدیل عید الاضحیٰ کے موقع پر کراچی آئے تھے اور دو روز قبل فون پر انہوں نے اپنے والد سے بات کی تھی جب کہ ان کی والدہ انتقال کرچکی ہیں۔
ان کی شہادت کی اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی اداروں نے ان کی رہائش گاہ کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔
اہل محلہ کا کہنا ہے کہ شہید عدیل بہت زیادہ ملنسار اور شریف النفس تھے، ان کی پوری فیملی ہر ایک کے دکھ درد میں کام آتی ہے، شہید عدیل اپنے اپارٹمنٹ میں بچوں کے ساتھ گھل مل جاتے تھے، پڑوسیوں اور ہر ایک کا احترام ان کا خاصا تھا۔ اہل محلہ بہت زیادہ افسردہ نظر آ رہے تھے۔