اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے میجر علی جواد چنگیزی کی شہادت کا انتقام لینے کا اعلان کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ میجر علی جواد کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے میجر علی جواد کی شہادت کا انتقام لیں گے۔ دشمن پاکستان کو دہشتگردی کیخلاف آپریشن ضرب عضب میں حاصل کی جانے والی کامیابیوں سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کا بھلا چاہا لیکن پاکستان کی سرزمین پر قتل عام کے تانے بانے ملا فضل اللہ سے ملتے ہیں، جو افغانستان میں موجود ہے اور اسے افغان حکومت کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغان حکام اگر بارڈر مینجمنٹ نہیں کرنے دیں گے تو معاملہ بڑھ جائے گا۔ اگر ہمارا خون بہے گا تو افغانستان کو حساب دینا پڑے گا۔