کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے نشان حیدر اعزز حاصل کرنے والے پاک فوج کے نامور سپوت میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے یوم شہادت کے موقع پر ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر عزیز بھٹی شہید 1965کی جنگ کے ہیرو ہیں ، پاکستانی فوج اور شہداء اور غازیوں کو سلام جن کی وجہ سے ہم ایک آزاد ملک میں رہتے ہیں ، میجر عزیز بھٹی نے بھی انتہائی سنگین حملے کے جواب میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور پاکستانی سرحدوں سے نکال باہر کیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ جب 12ستمبر1965کی جنگ میں دشمن اپنے ہتھیاروں ، ٹینکوں اور توپوں سے بے پناہ آگ برسا رہا تھا مگر میجر عزیز بھٹی اور ان کے جواں ہمت ساتھیوں نے دشمن کی پیش قدمی کو خاک میں ملادیا ، میجر عزیز بھٹی شہید کی بہادری پر انہیں نشان حیدر سے نوازا گیا، پاک فوج نے ہمیشہ دشمن کے مذموم عزائم کو نہ صرف خاک میں ملایا بلکہ اس کو ناقابل تلافی نقصان بھی پہنچایا، بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے اور وہ ہمیشہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرتا رہتا ہے۔
ڈرپوک دشمن پاکستان کا سامنے سے مقابلہ کرنے کی ہمت اور جراءت نہیں رکھتا اس لیئے ہمیشہ چھپ کر اور رات کے اندھیرے میں وار کرتا ہے لیکن جب بھی اس نے سازش کی وہ ناکام ہوا اور چھپ کر وار کرنے پر بھی ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی ، انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان قیام پاکستان سے لیکر آج تک سرحدوں کی حفاظت پوری ذمہ داری اور تندہی سے ادا کر رہے ہیں اور اس ملک کی حفاظت کے لیئے پاک فوج کی قربانیاں بھی لازوال ہیں ، سرحدوں کے محافظوں نے ملک کے اندر درپیش چیلنجز کا مقابلہ بھی نہایت جوانمردی سے کیا ،پوری قوم اپنی افواج اور جوانوں سے نہ صرف بے پناہ محبت کرتی ہے بلکہ سلام پیش کرتی ہے ان جوانوں کو جنہوں نے ملکی سلامتی اور دفاع کے لیئے جانوں کے نذرانے پیش کیے کیونکہ شہید کی جوموت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔