کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری اور مخدوم امین فہیم کے ملاقات کے بعد مخدوم جمیل الزماں کو محکمہ بحالیات دوبارہ دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
کراچی میں گزشتہ روزپیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری اور مخدوم امین فہیم کے درمیان بلاول ہائوس میں ہونے والی ملاقات خوشگوار ثابت ہوئی ہے اور اس کے نتیجے میں مخدوم جمیل الزماں کو محکمہ بحالیات دوبارہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے یہ محکمہ اس سے پہلے مخدوم جمیل الزماں سے واپس لے لیا گیا تھا۔ مخدوم جمیل کو محکمہ دینے کا نوٹیفیکشن آئندہ 24 گھنٹے میں جاری کر دیا جائے گا۔
ضلع مٹیاری اور ہالا میں اہم سرکاری عہدوں پر تعنیات افسران کے تبادلوں کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس پر جلد عمل ہوگا ۔ مخدوم امین فہیم وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ پیپلزپارٹی کے ناراض اراکین کو منائیں گے۔
بلاول ہائوس کے ترجمان کے مطابق آصف علی زرداری سے مخدوم امین فہیم کی ملاقات کا مقصد وزارت حاصل کرنا نہیں تھا۔ مخدوم جمیل الزماں پہلے ہی ریونیو کے وزیر ہیں۔
مخدوم امین فہیم اور آصف علی زرادری کے درمیان ملاقات حکومت اور پیپلز پارٹی میں غیر متعلقہ افراد کی مداخلت تھی۔