مالاکنڈ : مالاکنڈ ایجنسی کے علاقہ تھانہ میں واقع بینک میں ڈاکو گھس گئے اور عملے کو یرغمال بنا کر ایک کروڑ روپے لوٹ لئے۔ بینک کے سیکیورٹی گارڈ اور دوسرے ملازم نے ڈاکوؤں کے ساتھ مزاحمت شروع کی تاہم ڈاکوؤں نے دونوں کو مار مار کر شدید زخمی کر دیا۔ بینک عملے کے مطابق ڈاکوؤں کی تعداد 5 تھی اور تمام افراد مسلح تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مالاکنڈ لیویز اور سیکیورٹی فورسز کے دستے پہنچ گئے۔ لیویز اہلکاروں نے پورے علاقے کو سیل کیا اور گاڑیوں کی تلاشی لی۔ ڈپٹی کمشنر خائستہ رحمن نے بینک کا دورہ کیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کیلئے لیویز فورسز کو ہدایات جاری کیں۔