سوات (جیوڈیسک) مالاکنڈ ڈویژن کے بالائی علاقوں میں برفباری اور سوات کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی بڑھ گئی ہے ،پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی بارش سے جاتی سردی لوٹ آئی ہے۔مالاکنڈ ڈویژن میں مالم جبہ، کالام، میاندم اور چترال میں 4 روز سے برفباری جاری ہے جس سے لواری ٹنل سمیت متعدد راستے بند ہیں اور مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔
سوات سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہورہی ہے، گلگت بلتستان کے علاقے دیامر میں برفباری سے راستے بند ہوگئے ہیں اور لوگ گھروں میں محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں برفباری، خیبر ایجنسی اور ٹانک میں بارش سے ٹھنڈ بڑھ گئی ہے۔
پنجاب کے کئی شہروں میں بھی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی کی لہر برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کو مری، مالاکنڈ ،ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بارش کی توقع ہے۔