ملالہ کی سالگرہ ، اقوام متحدہ کا ملالہ ڈے کے طور پر منانے کا اعلان

Malala

Malala

نیویارک (جیوڈیسک) ملالہ یوسفزئی آج اپنی سولہویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ ا ب پ۔ پر یقین رکھنے والی ملالہ یوسفزئی آج اپنی سولہویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ ملالہ کی سالگرہ کو ملالہ ڈے کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ نے ملالہ یوسف زئی کی سالگرہ کے دن کو ملالہ ڈے کے طورپر منانے کا اعلان کیا تھا۔اس حوالے سے عالمی ادارے کے ہیڈکوارٹر سمیت کئی ملکوں میں انٹرنیشنل یوتھ کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔

ان کانفرنسوں کا مقصد 2015 تک دنیا میں تمام بچوں خاص طور پر بچیوں کو اسکولوں میں تعلیم دلوانے کیلیے قرارداد پاس کرنا ہے۔ پاکستان میں سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی آج بھرپور طریقے سے ملالہ ڈے منا رہی ہیں۔اس سلسلے میں کئی شہروں میں سیمینارز، کانفرنسوں کے علاوہ مختلف پروگرام تشکیل دیے گئے ہیں۔

ان پروگراموں میں ملالہ کے تمام بچیوں کو تعلیم کاحق دینے کے پیغام کو اجاگر کیا جائے گا۔ سوات کی بیٹی ملالہ یوسف زئی نے طالبان کے دور میں جاہلت کے خلاف جہاد کرتے ہوئے تعلیم کے حصول کاسلسلہ جاری رکھا جس کی پاداش میں انتہا پسندوں نے ان پر حملہ کرکے شدید زخمی کر دیا تھا۔ جس کے بعد انھیں علاج کے لیے لندن بھیجا گیا جہاں وہ صحت یاب ہونے کے بعد نہ صرف اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ اپنے مشن پرکام بھی کررہی ہیں۔