نیویارک (جیوڈیسک) ملالہ کی جانب سے 50 ہزار ڈالر کے عطیے سے فلسطین کے حصے غزہ میں گزشتہ سال اسرائیلی بمباری میں تباہ ہونیوالے سکول کی ازسرنو تعمیر مکمل کرلی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کی مشرق وسطیٰ میں فلسطینی مہاجرین کی مدد کرنیوالی ایجنسی کے سربراہ پیرلی کراہن بل نے سکول کا دوبارہ افتتاح کیا۔ 11 سو طلبا کو تعلیم دینے والے غزہ کے ضلع خان یونس کے ’’خزاعہ ایلمنٹری سکول‘‘ کے کلاس رومز پر مشتمل ایک ونگ، بائونڈری وال اور ٹوائلٹ بلاک بمباری میں مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا۔
ملالہ نے معروف ورلڈ چلڈرنز پرائز سے ملنے والا اپنا سارا انعام اس سکول کے دوبارہ تعمیر و آرائش کیلئے عطیہ کردیا تھا۔ گزشتہ سال غزہ پر اسرائیل کی 50 روزہ جارحیت میں 22 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔ 26 اگست کو سیز فائر کے بعد اس سکول کی تعمیر پر کام شروع کیا گیا تھا۔