کراچی (جیوڈیسک) صدر مملکت، وزیراعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب، گورنر سندھ، الطاف حسین، آصف زرداری، عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں نے ملالہ یوسفزئی کو نوبل انعام ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے گل مکئی کو مبارکباد دی، قومی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دنیا نے تسلیم کرلیا کہ پاکستان پُرامن لوگ ہیں، قوم کی بیٹی نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
سوات کی گل مکئی ملالہ یوسفزئی نے امن کا نوبل انعام جیت لیا، وزیراعظم نواز شریف نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی بيٹی نے دنيا بھر ميں پاکستان کا نام روشن کیا۔
صدر مملکت ممنون حسین نے بھی ملالہ یوسف زئی کو مبارکباد دی، اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ دنیا نے تسلیم کرلیا کہ پاکستانی پُرامن لوگ ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ملالہ کو عالمی اعزاز ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ملالہ کا انعام 18 کروڑ پاکستانيوں کا مشترکہ اعزاز ہے۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کہتے ہیں کہ ملالہ نے جو مقام حاصل کیا وہ سب کیلئے مشعل راہ ہے، چوہدری نثار نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ملالہ یوسفزئی کو نوبل انعام ملنا ہمارے لئے قابل فخر ہے، پاکستان کو بہت بڑی خوشخبری ملی ہے۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ملالہ یوسفزئی کو نوبل انعام ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ثابت ہو گیا پاکستانی قوم اعتدال پسند ہے، پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کہتے ہیں کہ ملالہ کو تعلیم کیلئے نوبل انعام ملا جو ہماری سب سے پہلی ترجیح ہے، مجھے بہت خوشی ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے ملالہ یوسفزئی کو نوبل انعام ملنے پر مبارکباد دی، بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹ پیغام میں انتہائی مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی بیٹی، امن کی سفیر، ملالہ ہمیں تم پر ناز ہے، ہماری قومی ہیرو نے امن کا نوبل انعام جیتا، ڈرتے ہیں بندوقوں والے ایک نہتی بچی سے، پاکستان زندہ باد، جئے ملالہ جئے ملالہ۔